Friday, July 16, 2010

خیبر ایجنسی، کوہاٹ میں دھماکے

Fav Tag: پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی اور صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیرہ کے بازار مہربان کلے میں دھماکہ ہوا ہے۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے اہلکار نے ہمارے نامہ نگار عزیز اللہ خان کو بتایا کہ اس دھماکے میں پانچ افراد ہلاک اور پندرہ سے زخمی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکہ اس جگہ ہوا جہاں ہر ہفتے جمعہ کے روز بازار لگتا ہے۔ زخمیوں کو لنڈی کوتل اور جمرود کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق قبائلی علاقوں کے سکیورٹی کے سربراہ طارق حیات خان کا کہنا ہے کہ ’جہاں یہ دھماکہ ہوا ہے وہ دور دراز علاقہ ہے اور وہاں سے جو ابتدائی معلومات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکام کے مطابق ہنگو ٹل روڈ پر پولیس کی ایک گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ دھماکہ کوہاٹ شہر سے ستر کلومیٹر دور قاضی سٹیشن کے قریب ہوا ہے۔
کوہاٹ پولیس کے مطابق ریسکیو ون فائیو کی گاڑی معمول کےگشت پرتھی کہ اچانک ایک دھماکہ ہوا جس سے گاڑی میں موجود چار پولیس اہکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کوہاٹ کے قریب اورکزئی ایجنسی میں گزشتہ ماہ سے فوجی آپریشن جاری ہے جبکہ شہر میں بھی تشدد کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
کوہاٹ اور اُس کے مضافاتی علاقے عرصہ دراز سے شدت پسندوں کی کارروائیوں کا نشانہ رہے ہیں۔ یہ شہر ایک طرف درہ آدم خیل اور دوسری جانب اورکزئی ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے۔

0 comments :

Popular Posts